تو سنو، ابن آدم !!
Picture by Felipe Vallin |
تمہاری سوچ کا دائرہ،
بنت حوا کے کپڑوں سے چھوٹا ہے
سات سالہ کا ڈھکا چھپا بدن،
تمہارا آپ برہنہ کرتا ہے
بارہ سالہ کی معصوم ہنسی،
تمہارے اندر کا جانور جگاتی ہے
تین سالہ کا پھولوں والا فراک،
تمہاری غلاظت سے مرجھا جاتا ہے
وہ بس میں دھکّے کھاتی عورت،
تمہاری انگلیوں سے ڈرتی ہے
کھلے بازار میں خود کو چھپاتی،
ہر مردانہ جنبش پر نظر رکھتی ہے
میرا پردہ میرا محافظ نہیں، کہ
تمہاری نظروں کی چبھن آر پار جاتی ہے
جب زندہ لاشوں سے دل بھر جائے،
تمہاری حوس، کفن کی بھی پامالی کرتی ہے
ابن آدم،
زمین بھی تمہارے گناہوں سے گھن کھاتی ہے
عقل و فہم کو پاؤں کی جوتی سمجھنے والے،
تیری نظر، میرے چہرے کے نیچے کیوں جاتی ہے؟
#بانوسازی